Friday, April 26, 2024

آج ہم سب اپنے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم

آج ہم سب اپنے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم
August 30, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور آخری دم تک کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم کی ایک کال پر لبیک کہتے ہوئے پورا پاکستان باہر نکل آیا۔ اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔  

وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ آج پیغام جائے گا جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی سن لے کشمیر پر کچھ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، پاک فوج تیار ہے۔ نریندر مودی  آخری پتا کھیل گیا ہے،اسکے بعد کشمیر آزاد ہو گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  بھارتی حکومت انسانوں پر ظلم کر رہی ہے، آر ایس ایس ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہو کر مسلمانوں سے نفرت کیلئے بنی تھی، آر ایس ایس کے نظریے نے بھارت پر قبضہ کرلیا ہے، بی جے پی ہندوتوا اور ہندو راج کو مانتی ہے۔

وزیراعظم نے اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہتا ہوں کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو اقوام متحدہ خاموش رہتی ہے۔ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر جنگ لڑوں گا۔ اگر دنیا مودی کی فاشسٹ حکومت کے سامنے نہ کھڑی ہوئی تو یہ بات یہاں رکے گی نہیں،  اسکا اثر پوری دنیا پر جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک مہینے سے کشمیریوں کو بند کیا ہوا ہے، بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کو بھی سرینگر نہیں جانے دیا گیا، باہر نکلنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب میں کہا پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے اور رہیں گے ۔ کشمیریوں کے حقوق کسی صورت دبائے نہیں جاسکتے۔ بھارتی پراپیگنڈہ کا ہر سطح پر جواب دینا ہو گا ۔ ہم متحد رہیں گے تو کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔