Friday, March 29, 2024

آج کسی کی ہار ہوئی ہے نہ جیت، حمزہ شہباز شریف

آج کسی کی ہار ہوئی ہے نہ جیت، حمزہ شہباز شریف
April 6, 2019

لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں اپنے رہائشگاہ کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ااج کسی کی ہار ہوئی ہے نہ جیت ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے عدالت میں لکھ کر دیا  تھا کہ حمزہ شہباز سب سے زیادہ تعاون کر رہا ہے  ، گرفتاری کی ضرورت نہیں  تو ایسی کون سی مجبوری تھی کہ میری گرفتاری کے لئے چھاپہ مارنا پڑا۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ، نواز شریف نے اپنے بیمار اہلیہ کو اللہ کے حوالے کیا اور قانون کے سامنے  پیش ہوئے ،  مجھے بیٹی کی اوپن ہارٹ سرجری پر کورٹ نے 14دن کااجازت نامہ دیا تھا۔

حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو بلایا کسی اور کیس میں لیکن گرفتار آشیانہ کیس میں کیا گیا ،  مسلم لیگ ن کے کارکن ہمارا اثاثہ اور خاندان ہیں ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میرے گھرپر چھاپے کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا،ہم پر تشددکرنے کاالزام لگایا گیا،عمران خان صاحب بتا دینا چاہتا ہوں نیب سے نہیں اللہ تعالیٰ کی ذات سے ڈرتا ہوں

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں علاج مہنگا کردیا ، مجھے پاکستان کے معاشی حالات ڈرا رہے ہیں،نیازی صاحب مجھے ڈر لگ رہا کہ آپ نے 8ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کردیا، آج ڈالر کی بڑھتی قیمت پاکستان کی معیشت پر سوالیہ نشان لگا رہی ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب سیاسی لڑائیاں لڑنے کے لیے عمر پڑی ہے، نوازشریف نے کہا تھا آؤ میثاق معیشت کرو، پاکستان کی معیشت پر تحریک انصاف کو روڈ میپ بنانے کی پیش کش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  اب جھوٹ بولنا چھوڑ دیں ،  چور،ڈاکو،جیلیں سن سن کر قوم کے کان پک گئے ہیں۔