Friday, May 3, 2024

آج کاشتکاروں کا دن ،حکومت نے زراعت پر سب کچھ لٹا دیا ، قریشی صاحب کو تالیاں بجانی چاہیے : اسحاق ڈار

آج کاشتکاروں کا دن ،حکومت نے زراعت پر سب کچھ لٹا دیا ، قریشی صاحب کو تالیاں بجانی چاہیے : اسحاق ڈار
June 3, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ  تقریر پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کا روز کاشتکاروں کا دن ہے آج تو زراعت پر سب کچھ لٹا دیا قریشی صاحب کو سب سے زیادہ تالیاں بجانی چاہیے۔ تفصیلات کےمطابق بہت دیر کی مہرباں آتے آتے آخر کار وزیر خزانہ اسحا ق ڈار کو کسانوں پر رحم آ ہی گیا حکومت نے  قومی خزانے  سے بوریوں کے منہ کھول دیئےکسانوں کو بجٹ میں پندرہ ارب روپے کی رعایت دی گئی ۔ حکومت نے  آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یوریا کھاد کی بوری کی قیمت چودہ سو روپے مقرر کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ ڈی اے پی کی قیمت  بھی پچیس سو روپے کر دی گئی جبکہ زرعی ادویات اور اجناس کو ذخیرہ کرنے والے آلات  پر ٹیکس ختم کر دیئے گئے۔ زرعی آلات پر ٹیکس دو فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ زرعی ٹیوب ویل کیلئے بجلی سستی کرکے یونٹ کی قیمت پانچ اعشاریہ پینتیس روپے  کر دی گئی اور ٹیوب ویل پر ستائیس ارب روپے کی سبسڈی کا بھی اعلان  کیا گیا ہے آئندہ مالی سال کیلئے زرعی قرضوں کا حجم بڑھا کرسات سو ارب روپے  رکھا گیا ہے اور زرعی بینکوں کا مارک اپ دو فیصد کم کرنے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے  بجٹ  کے دن کو کاشتکاروں کا دن قرار دیا اور کہا  آج تو زراعت پر سب کچھ لٹا دیا قریشی صاحب کو سب سے زیادہ تالیاں بجانی چاہیے۔ ڈیری ،پولٹری اور فش فارمنگ کی درآمدات پر کسٹمز ڈیوٹی کو  پانچ فیصد سے کم کرکے دو فیصد کر دیا گیا مچھلی اور جھینگے کی خوراک پر عائد ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے زندہ چھوٹی مچھلی پر دس فی صد ڈیوٹی ختم کرنے کا  اعلان بھی کیا گیا۔۔