Wednesday, May 8, 2024

آج کا پاکستان 6 ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ توانا ہے ، رپورٹ

آج کا پاکستان 6 ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ توانا ہے ، رپورٹ
February 14, 2019
 لاہور (92 نیوز) آج کا پاکستان 6 ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ توانا ہے۔ برسوں کے کٹھن حالات کے بعد  پاکستان مشکلات سے نکلنے کیلئے تیار ہے۔ بھارت اور مغربی میڈیا میں پاکستان کی کامیابیوں کے حق میں آوازیں اٹھنےلگیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے معاشی  اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے۔ معروف برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق  پاکستان  تیزی سے عالمی ایجنڈے کا محور بن چکا ہے ۔ آئی ایم ایف کے علاوہ پاکستان کو سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی مدد بھی دستیاب ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورے سے  پاکستان کو  چودہ ارب ڈالرز اور گوادر  میں آئل ریفائنری حاصل ہو گی ۔ پاکستان نے نہ صرف معاشی  بلکہ  بین الاقوامی  محاذ پر بھی اپنی دھاک بٹھائی ہے  جس کا اعتراف    بھارت کے بین الاقوامی امور کے ماہر  ایم کے بھدرا کمار بھی کررہے ہیں ۔ اُن کا کہنا ہے کہ آج کا پاکستان  چھ ماہ پہلے  کے پاکستان سے کہیں زیادہ توانا ہے ۔ اس عرصے  میں  پاکستان  میں  سکیورٹی حالات مستحکم ہوئے ہیں ۔ ایم کے بھدرا نے مزید کہا کہ پاکستان بطور اہم فریق خطے کی سیاست کا مرکز بن چکا ہے ۔ دنیا کی قوتیں پاکستان سے تعلقات میں بہتری کی خواہاں  ہیں ۔ صرف یہی نہیں ، ایم کے بھدرا نے یہ بھی  مانا کہ پاکستان  کے بارے میں صدر ٹرمپ کے موقف میں واضح تبدیلی آئی  اور پاکستان کی مدد کے بغیر  امریکا کیلئے  افغانستان سے نکلنا ممکن نہیں۔