Sunday, September 8, 2024

آج ملک بھر میں یوم بحریہ منایا جارہا ہے

آج ملک بھر میں یوم بحریہ منایا جارہا ہے
September 8, 2017

کراچی (92 نیوز) 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک بحریہ کے کردار کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم بحریہ منایا جارہا ہے ۔

اس دن کی مناسبت سے بحریہ کے تمام یونٹوں، سکولوں اور کالجوں میں تقریبات کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اس حوالے سے بڑی تقریب آج سہ پہر پی این ایس قاسم منوڑہ میں ہوگی ۔پاک بحریہ کے شہداء کے اہل خانہ کو تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طورپر مدعو کیاگیا ہے ۔

انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں ایک طرف پاکستان کی بری اور فضائی افواج دشمن پر اپنی بالادستی تسلیم کرارہی تھیں، تو دوسری طرف پاک بحریہ بھی کسی سے پیچھے نہیں تھی۔ بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں دونوں ملکوں کی بحریہ کا تناسب اور بھی خراب تھا۔

اگر بھارت ہماری بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں آٹھ سے دس گنا زائد طاقت کا حامل تھا تو بحری افواج میں یہ تناسب اس سے بھی زیادہ تھا لیکن اس کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔