Wednesday, May 8, 2024

آج عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منایا جا رہا ہے

آج عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منایا جا رہا ہے
December 10, 2020

اسلام آباد (92 نیوز)دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا دن منایا جا رہاہے لیکن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے اپنے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی انتہاکردی، بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے اب تک 95 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

ہندوتوا کے پجاریوں نے 80 لاکھ کشمیریوں کے تمام حقوق غصب کر رکھے ہیں، بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوچکاہے۔

مقبوضہ ریاست کے چپے چپے پر بھارتی فوج کا راج ہے اور مظلوم کشمیری اپنی ہی سرزمین پر ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہیں بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں ہیں۔

بھارتی فوج ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوری 1989 سے اب تک 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے۔ سات ہزار ایک سو 55 افراد کو دوران حراست شہید کیا گیا، ظالمانہ کارروائیوں سے 22 ہزار نو سو 24 خواتین  بیوہ ہوئی جبکہ ایک لاکھ سات ہزار سے زائد بچے یتیم ہو گئے۔

بھارتی سیکورٹی فورسز اب تک آٹھ ہزار کشمیریوں کو جبری لاپتہ کر چکی ہیں۔ جبکہ پیلٹ گن کے بہیمانہ استعمال سے ہزاروں کشمیری بچے اور بچیوں کو شدید زخمی کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی سیکورٹی فورسز اب تک 11 ہزار سے زائد کشمیری خواتین کی عصمت دری کر چکی ہیں۔ جب کہ ایک لاکھ 10 ہزار تین سو 75 رہائشی گھروں اور دوسری عمارات کو تباہ کیا گیاہے۔