Friday, April 26, 2024

آج دنیا بھر میں ”یوم شہدائے کشمیر “منایا جارہا ہے

آج دنیا بھر میں ”یوم شہدائے کشمیر “منایا جارہا ہے
July 13, 2020

اسلام آباد( 92 نیوز) آج دنیا بھر میں ”یوم شہدائے کشمیر “منایا جارہا ہے ۔  یوم شہدائے کشمیر آزادی کے لئے بہادر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔

جنت نظیر وادی کشمیر میں سری نگر، سنٹرل جیل کے باہر13جولائی کو دی گئی آذان آج بھی ہرسو گونج رہی ہے۔آج بھی مرد مجاہدعبدالقدیر خان کی مانند ، ہرکشمیری جذبہ آزادی سے موجزن ، ہر لمحہ بائیس جری سپوتوں کے خون کے صدقے اوربھارتی قبضے سے آزادی کیلئے جان نچھاور کررہا ہے ۔

دنیا بھر میں آج ”یوم شہداءکشمیر “ہندوستان کے پانچ اگست2019ءکے غیرقانونی ،غیر آئینی ،غاصبانہ اقدامات کے بعد فوجی چھاؤنی میں مقید کشمیریوں کیساتھ اظہاریکجہتی کے طور پرمنایا جا رہا ہے ۔

نواسی سال قبل آج ہی کے دن  سری نگر سینٹرل جیل کے باہر ہزاروں کا مجمع ،  مرد مجاہد، عبدالقدیر خان کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب تھا۔

نماز ظہر کا وقت ہوا، اجازت نہ ملی ۔پھر بھی آذان دی گئی ،وہ آذان جس کی آوازڈوگرا مہاراجہ اوراِس کے بزدل سپاہیوں کی گولیوں پرحاوی ہوگئی اور آج بھی پورے جنوبی ایشیاءمیں گونج رہی ہے ۔

آذان دینے والے 22 مجاہدوں کابہنے والا خون ناحق ،آج بھی ترو تازہ ہے اور آزادی کی روشن دلیل ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر پہلے ڈوگرا مہاراجہ ، آج درندہ صفت ہٹلر مودی اوروحشی قابض ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں یرغمال ہے۔

تاریخ شاہد ہے کہ 13جولائی 1931ءسے ابتک اذان کا سلسلہ تھما نہ ہی معصوموں کے خون بہنے کا ، اپنے اسلاف کی مانند،آٹھ دہائیوں سے لہو لہو مقبوضہ وادی کا ہر باسی جذبہ شوق شہادت سے لبریز ہے۔

ہرمسلمان ، خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک  کشمیر کی آزادی کی جنگ جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ، ابھی یہ معاملہ آذان سے تحریک آزادی کشمیر کی ”نماز عشق“ تک ہی توپہنچا ہے ، ابھی غاصب کے خونی پنجوں سے مکمل آزادی تک کی عظیم نعمت کا سجدہ شکربجا لانا باقی ہے ۔