Friday, May 17, 2024

آج دنیا بھر میں گردوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

آج دنیا بھر میں گردوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
March 11, 2021

لاہور ( 92 نیوز) آج دنیا بھر میں گردوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، طبی ماہرین کے مطابق ہر سال گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، صرف سول اسپتال حیدرآباد میں 5 سو سے زائد مریض علاج کے لئے آتے ہیں۔

گردے انسانی جسم کے اعضائے رئیسہ میں سے ایک ہیں، طبی ماہرین کے مطابق شوگر، بلڈ پریشر، آلودہ پانی اور گوشت کے زیادہ استعمال سمیت دیگر وجوہات کی بناء پر گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔

سول اسپتال حیدرآباد میں ایک محتاط اندازے کے مطابق گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا 5 سو سے زائد مریض علاج کے لئے آتے ہیں جس میں زیادہ تر مریض گردوں کی پتھری میں مبتلا ہوتے ہیں، سرکاری سطح پر سول اسپتال حیدرآباد میں گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا جدید مشینری کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 20 فیصد سے زائد افراد صرف سندھ میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں، آگاہی نہ ہونے اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے ہر سال گردوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔