Wednesday, April 24, 2024

آج دنیا بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے

آج دنیا بھر میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے
November 29, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جارہاہے۔
اقوام متحدہ نے 40 سال قبل فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن منانے کی منظوری دی ۔ دنیا بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونیوں کی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 29 نومبر 1977 کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا دن منانے کی منظوری دی تھی ۔ 1947 میں اس روزفلسطین کو دو ریاستوں میں تقسیم کرنے کی قرارداد بھی جنرل اسمبلی میں پیش ہوئی تھی۔
ابتدا میں قرارداد کی قسمت کا فیصلہ غیر یقینی صورتحال کا شکار رہا تاہم یہودی لابنگ کے بعد جنرل اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی ۔جس میں قرارداد کے حق میں 33 اور مخالفت میں 13 ووٹ ڈالے گئے ۔10 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔
فلسطین میں 70 سال سے اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں بچوں بڑوں عورتوں سمیت ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔ غزہ، مغربی کنارہ، مقبوضہ بیت المقدس، جنین جیسے علاقوں کی اقتصادی ناکہ بندی سے فلسطینی شہری کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔
اس سب کے باوجود عالمی برادری کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ مسئلہ فلسطین کو حل کرانے کی کئی سنجیدہ کوششیں کی گئیں لیکن اسرائیل کی ہٹ دھرمی ، امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کی آشیر باد کی وجہ سے کامیاب نہیں مل سکی۔