Monday, May 6, 2024

آج خون عطیہ کرنیوالوں کا عالمی دن، کورونا مریضوں کی بانہیں تھام لیں، 92 نیوز کا پیغام

آج خون عطیہ کرنیوالوں کا عالمی دن، کورونا مریضوں کی بانہیں تھام لیں، 92 نیوز کا پیغام
June 14, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) دنیا بھر کی طرح آج پاکستان میں بھی عالمی بلڈ ڈونرز ڈے منایا جا رہا ہے۔ پلازمہ دینے سے کورونا مریضوں پر ایک بار پھر زندگی کی بہاریں لوٹ آئیں گی۔ ہرسال کی طرح آج بھی خون عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے مگر اس بارحالات پہلے جیسے نہیں، 92 نیوز اپنے ناظرین کو پیغام دیتا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بانہیں تھام لیں تاکہ آپ کے پلازمہ سے مرجھائے چہروں پر ایک بار پھر زندگی کی بہاریں لوٹ آئیں۔ دنیا بھر کی طرح آج پاکستان میں بھی عالمی بلڈ ڈونرز ڈے منایا جا رہا ہے، اس موقع پرفیصل آباد میں باقاعدگی سے خون لگوانے والے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض خون عطیات کرنیوالوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ دیگر بیماریوں کی طرح اب کورونا سے متاثرہ مریضوں کو بھی پلازمہ عطیہ کرنے والوں کی تلاش ہے 92 نیوز بھی اس کاوش میں پیش پیش ہے، اور یہ پیغام عام کر رہا ہے کہ خون عطیہ کیجئے کیونکہ اس کا ایک ایک قطرہ، تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، بلڈ کینسر اور اب کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے جینے کی آس ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں  فلاحی تنظیمیں بھی اپنی خدمات دینے میں پیش پیش ہیں جن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے والے مقدر کے سکندر اپنا پلازمہ عطیہ کریں اور انسانیت کے اعلیٰ درجے پر فائز ہوجائیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں آئیں سب یکجا ہوکر ایک دوسرے کے لئے آسانیاں بانٹیں۔ عالمی دن کے موقع پر 92 نیوز کا خصوصی پیغام ہے کہ خود بھی خون عطیہ کیجئیے اور دوسروں کو بھی اس صدقہ جاریہ کی ترغیب دیجئیے۔