Monday, September 16, 2024

آج تک پتہ نہیں چلاکہ مجھے کیوں نکالا ، نواز شریف

آج تک پتہ نہیں چلاکہ مجھے کیوں نکالا ، نواز شریف
February 1, 2018

کراچی ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک پتہ نہیں چلا کہ مجھے کیوں نکالا گیا ، اب الیکشن سے دور رکھنے کی ترکیبیں سوچی جا رہی ہیں ۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف دورے پر کراچی پہنچے اور پارٹی اجلاس کی صدارت کی ۔ نواز شریف نے گرین لائن منصوبے کا دورہ بھی کیا ۔کراچی میں نجی ہوٹل میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ترقی کی دوڑ شروع کی ، دہشتگردی کاخاتمہ کیا۔

سابق وزیر اعظم نے نجی ہوٹل میں تاجر برادری سے خطاب میں  سندھ حکومت پر خوب بھڑاس نکالی  اور کہا کراچی میں ہوائی اڈے کی تعمیر ہو،  موٹر وے بنانا ہویا امن و امان کا قیام ہوسب ن لیگ نے کیا  اگر کام  صرف ہم نےکرنا ہے تو باقی جماعتیں کیا کر رہی ہیں ۔

نواز  شریف نے  کپتان پر بھی خوب باؤنسرز  پھینکے  اور کہا جو چار سال تک جنگلہ بس جنگلہ بس  کا راگ آلاپتے رہے آج خود جنگلہ بس بنا رہے  ہیں ۔

سابق وزیر اعظم نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کے فور ہو یا گرین لائن وفاق نے اپنا حصہ ادا کردیا، پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارا کام نہیں۔  کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا،اب شہر میں تشدد، بھتہ خوری،اغوا برائے تاوان  اور ہڑتالیں ختم ہوگئی ہیں، پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی ہونا چاہیے ۔

نواز شریف نے مزیدکہا کہ پہلے خیالی تنخواہ اور اقامے پر نکالا گیا،اب سوچا جارہا ہے عوام سے کتنی دیر دور رکھا جائے ۔ منتخب وزیراعظم کومدت پوری نہیں کرنے دی گئی،قوم فیصلہ نہیں مانے گی ۔ نئے پاکستان والوں نے ایک ٹکے کی بجلی نہیں بنائی ۔

سابق وزیراعظم نے گرین لائن منصوبے کا دورہ بھی کیا ۔ نواز شریف کے دورے کے دوران شہریوں نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کیخلاف بھی نعرے بازی کی ۔