Thursday, April 18, 2024

آج تاریخ دن ہے ، بھارت بے نقاب ہو گیا ، شاہ محمود قریشی

آج تاریخ دن ہے ، بھارت بے نقاب ہو گیا ، شاہ محمود قریشی
August 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تاریخی موقع ہے، بھارت بے نقاب ہو گیا۔ سلامتی کونسل کے تمام ارکان کے مشکور ہیں۔ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و ستم سہتے نہتے کشمیریوں کی آہوں اور سسکیوں نے عالمی برادری کا ضمیر ایک بار پھر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ کشمیریوں کی فریادوں اور پاکستانی سفارتی کوششوں سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا۔ بھارت کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام ہو گیا۔ مسئلہ کشمیر نصف صدی بعد سلامتی کونسل میں زیر بحث آ گیا۔ پانچ مستقل اور دس غیر مستقل ارکان نے بند کمرہ اجلاس میں مقبوضہ وادی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کے شرکا کو اقوام متحدہ کے مبصرین نے کشمیر کے حالات پر بریفنگ دی ۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا اجلاس ختم ہوا تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو بتایا کہ آج تاریخی دن ہے۔ مسئلہ کشمیر اب کسی کا اندرونی معاملہ نہیں رہا بلکہ پچاس سال بعد دوبارہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے ۔ وہ مسئلہ جس کو بھارت نے بڑی خوبصورتی اور مختلف چالوں کے ذریعے دنیا کی نظر سے اوجھل رکھا ۔ آج بے نقاب ہو گیا ۔ پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے بیان کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا راجا ناتھ کے بیان سے پاکسانی مؤقف کی تائید ہو گئی کہ مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے ۔ سلامتی کونسل کے اختیارات اقوام متحدہ کے چارٹر میں بیان کئے گے ہیں جنہیں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔ اختیارات کا استعمال قیام امن کی کارروائیوں کے لیے، بین الاقوامی پابندیوں کے قیام اور فوجی کارروائی کی اجازت لینے کے لیے کیا جاتا ہے۔ سلامتی کونسل کے 5 مستقل ممبر ممالک ہیں جن میں چین، برطانیہ، امریکہ، روس اور فرانس شامل ہیں جبکہ غیر رکن ممالک میں بیلجئیم، ڈومینک ریپبلک، گنی، جرمنی، انڈنیشیا، کویت، پیرو، پولینڈ، جنوبی افریقہ اور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔