Saturday, April 27, 2024

آج بانی پاکستان کا 141 واں یوم پیدائش روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

آج بانی پاکستان کا 141 واں یوم پیدائش روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے
December 25, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 141 واں یوم پیدائش آج 25 دسمبر کو روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔

کراچی میں مزار قائد  پر گارڈز تبدیلی کی  پروقار تقریب ہوئی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ پاکستان ائیر فورس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کو گارڈز کے فرائض سپرد کئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز ستی کمنڈنٹ پی ایم اے نے گارڈز کا معائنہ کیا۔ میجرجنرل اختر نواز ستی نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی، اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔

تقریب میں عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

گورنر اور وزیراعلیٰ  سندھ  صوبائی  کابینہ  کے اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ میئرکراچی وسیم اختر شہریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

تعلیمی اداروں میں طلبہ سیمینارز اور تقاریر کے ذریعے بانی پاکستان کی جدو جہد کو اجاگر کرتے ہیں ۔

بائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم پر زور دیا ہے کہ قومی ترقی اور خوشحالی کے عظیم نصب العین کے حصول کیلئے متحد ہوجائے۔

صدر نے کہا کہ عظیم قائد کوخراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مادروطن کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ  قائداعظم کے افکار اور نظریات کی اہمیت میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی فہم وفراست اور سیاسی تدبر کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمیں اتحاد، یقین اور تنظیم کے تین سنہری اصول دیئے تھے۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کی پوری قوم کیلئے خصوصی اہمیت ہے کیونکہ عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ دن قائد کے نظریات اور تصورات کو آگے بڑھانے کی تجدید کے عہد کا دن بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج کے دن قوم کو اس بات کاجائزہ لینا چاہیے کہ ہم عظیم قائد کی طرف سے دیئے گئے ان اہم اہداف کے حصول میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں جن کیلئے پاکستان معرض وجود میں آیاتھا۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ آپ نے ابتدائی تعلیم کراچی سے ہی حاصل کی بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن تشریف لے گئے ۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے ہندو اور انگریزوں کی مکارانہ چالوں کے باوجود اپنی دن رات کی کاوشوں سے مسلمانان برصغیر کیلئے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا ۔

یوم قائد پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں اور مرکز کی اسمبلیوں اور دفاتر میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتاہے ۔