Friday, April 26, 2024

آج بانو قدسیہ کا 90واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے

آج بانو قدسیہ کا 90واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے
November 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) راجہ گدھ کی مصنفہ بانو قدسیہ زندہ ہوتیں تو زندگی کی نوے بہاریں دیکھ چکی ہوتیں، ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی بانو آپا آج کے دن فیروز پور میں پیدا ہوئیں۔ شہرہ آفاق مصنفہ بانو قدسیہ 28 نومبر انیس سو 28 کو بھارت کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئیں ۔ وہ تقسیم پاک و ہند کے بعد خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہو گئیں ۔ بانو قدسیہ نے لاہور میں گورنمنٹ کالج اور کنیئرڈ کالج سے تعلیم حاصل کی ،انہوں نے ادب کے  میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں ، ان کی تخلیقات میں راجہ گدھ، امر بیل،بازگشت، آدھی بات، دوسرا دروازہ، تمثیل، حاصل گھاٹ اور توجہ کی طالب قابل ذکر ہیں۔ ان کے ناول راجہ گدھ اور آدھی بات کو کلاسک کا درجہ حاصل ہے،ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لئے بھی انہوں نے بہت سے ڈرامے لکھے۔ بانو قدسیہ معروف ادیب اشفاق احمد کی اہلیہ تھیں، ان کی ادبی خدمات پرحکومت نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا ۔ 4فروری 2017 کو ادبی تاریخ کا یہ عظیم باب ہمیشہ کے لئے بند ہو گیا۔