Friday, April 26, 2024

آج پی آئی سی کی ایمرجنسی میں تمام سروسز بحال کردی جائیں گی پروفیسر ثاقب شفیع

آج پی آئی سی کی ایمرجنسی میں تمام سروسز بحال کردی جائیں گی پروفیسر ثاقب شفیع
December 13, 2019
لاہور (92 نیوز) پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کے تیسرے روز حالات معمول پر آنے لگے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ثاقب شفیع کے مطابق آج ایمرجنسی میں تمام سروسز بحال کردی جائیں گی۔ شام 6 بجے پی آئی سی میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی آئی سی پر حملے سے وکلا گردی کی نئی مثال رقم کی گئی۔ انتہائی حساس نوعیت کے حامل اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث مریض دربدر ہو گئے۔ دو روز قبل عوام کو قانونی مدد فراہم کرنے والوں نے پی آئی سی لاہور ایسا کھیل کھیلا کہ خود انسانیت شرما گئی۔ انتہائی حساس نوعیت کی بیماری میں مبتلا اپنی مدد اُپ کے تحت اسپتال چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور کچھ تو اس جہان فانی سے کوچ بھی کر گئے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے او پی ڈی میں میڈیسن کاؤنٹربحال کرنے کے علاوہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں پہلے سے زیرعلاج مریضوں کو ادویات دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ، لیکن ایمرجنسی اور او پی ڈی  بدستور بند ہیں جس کے باعث دور دراز کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی سی  پروفیسر ثاقب شفیع  کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ایمرجنسی سروس آج رات 8 بجے تک شروع کر دی جائے گی جبکہ اس دلخراش  واقعہ میں مرنے والوں کی یاد میں 6 بجے شمعیں روشن کی جائیں گی۔ وکلا گردی سے خوفزدہ زیادہ ترعملہ بھی ڈیوٹی پر واپس نہیں آیا۔ پہلی بار ایمرجنسی ، آوٹ ڈور اور دیگر تمام گیٹس کو تالے لگے ہوئے ہیں جبکہ سکیورٹی کی صورتحال کو معمول رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بڑی تعداد بھی اسپتال میں موجود ہے۔