Friday, May 10, 2024

آبی تنازعات پر رواں ماہ کا اجلاس بھارت نے موخرکردیا

آبی تنازعات پر رواں ماہ کا اجلاس بھارت نے موخرکردیا
September 3, 2019
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز)بھارت نے پاکستان کے ساتھ بین السرحدی آبی تنازعات پر رواں ماہ ہونے والے طے شدہ اجلاس کو غیر معینہ مدت کیلئے مؤخر کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان کے قائم مقام سربراہ سید مہر علی شاہ نے بھارتی ہم منصب پی کے سکسینا کو23 اگست یاددہانی کا مراسلہ ارسال کیا تھا تاہم اس کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ اجلاس میں مغربی دریاؤں بالخصوص چناب اور جہلم پر بھارتی منصوبوں بالخصوص پکل دل، کلنائی اور لوئر کلنائی پر پاکستانی اعتراضات پر بات چیت متوقع تھی اور بھارتی پارلیمنٹ میں پیش ہونے والے بین الریاستی دریاؤں کے حوالے سے آئینی دستاویز پر بھی پاکستانی حکام نے بھارت کے ساتھ بات چیت کرنی تھی۔ ادھر سید مہر علی شاہ نے بھارت کا اجلاس سے متعلق مراسلہ کا جواب نہ آنے کی تصدیق کی ہے ۔ ادھر وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ 92 نیوز کو خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان بالکل بھی پُر امید نہیں ہے اور اب یہ اجلاس ممکنہ طور پر آئندہ سال فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہے ۔