Sunday, May 12, 2024

آبادی کے تناسب سے کراچی میں قبرستان انتہائی کم ، مافیا سر گرم

آبادی کے تناسب سے کراچی میں قبرستان انتہائی کم ، مافیا سر گرم
September 26, 2019
کراچی ( 92 نیوز) آبادی کے تناسب سے کراچی میں قبرستان انتہائی کم  ہیں ، جو موجود ہیں ان میں بھی  تدفین کے لئے جگہ موجود نہیں ،صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مافیا سر گرم ہو چکا ہے ۔ قبرستان کسی بھی شہر کی منصوبہ بندی کا اہم جزو ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے کراچی میں نہ زندہ شہریوں کیلئے کوئی منصوبہ بندی دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی مرحومین  کیلئے ، آبادی کے تناسب سے کراچی میں قبرستان انتہائی کم ہیں ۔ شہر کی ناقص صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شہر میں 199 قبرستان ہیں  جس میں سے بلدیہ عظمٰی کراچی کے زیر انتظام 149 ہیں اور ان میں سے بیشترکو جگہ ختم ہوجانے کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ قبرستانوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث یہاں بھی مافیا کا سرگرم ہے اورشہر خاموشاں میں بھی پیسہ چلنے لگاہے۔شہری کہتے ہیں قبر صرف اسے ملتی ہے جو بھاری رقم ادا کرتاہے۔ منتخب نمائندے بھی مافیا کی کارستانیوں سے باخبر ہیں اور بے بسی کا اظہار کرتے ہیں ، کہتے ہیں کہ ضلعی سطح پر قبرستان کی اشد ضرورت ہے۔ شہر میں کے قبرستانوں میں قبر کی تلاش اور مافیا کا راج ایک سنگین مسئلہ ہے ،جس کے حل کے لیے نئے قبرستانوں کے قیام انتہائی ضروری ہے۔