Friday, April 19, 2024

آئیڈیاز 2018 میں وائس چیف آف نیول اسٹاف کی غیر ملکی مندوبین سے ملاقاتیں

آئیڈیاز 2018 میں وائس چیف آف نیول اسٹاف کی غیر ملکی مندوبین سے ملاقاتیں
November 29, 2018
کراچی (92 نیوز) آئیڈیاز 2018 میں وائس چیف آف نیول اسٹاف کی غیر ملکی مندوبین سے ملاقاتیں ہوئیں۔ تیسرے روز ملاقات کرنے والے وفود میں مصر کے کمانڈنٹ مشرقی افواج برائے انسداد دہشت گردی میجر جنرل یحیی طحہ احمد علی ال حیملی، کویت کے ڈپٹی نیول کمانڈر میجر جنرل ادریس عبدالطیف، یونان کے ڈائیریکٹر نیوی جنرل اسٹاف رئیر ایڈمرل ارستیدس ال ایکسوپولس، فلیگ آفیسر لاجسٹک نائجیرین نیوی رئیر ایڈمر ل یوبی اونیا اور کمانڈر نیول فورسز ویسٹرن مندانو فلپائن رئیر ایڈمرل رین وی مدینہ شامل تھے۔ ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون کے آغاز اور فروغ، باہمی تربیتی پروگرامز، نیول پلیٹ فارمز اور آلات کی تعمیر کے لیے اشتراک اور وفود کے باہمی دورے زیر گفتگو آئے۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے آنے والے وفود کو پاکستان میں مقامی سطح پر پلیٹ فارمز کی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر کی استعداد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ قبل ازیں میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افئیرز علی حیدر زیدی نے بھی پاک بحریہ کے زیر انتظام منعقدہ میری ٹائم کانفرنس میں انہی خیالات کا اظہار کیا تھا۔ علی حیدر زیدی نے کہا کہ  ”ہم ہیروں کی کان کے دروازے پر بیٹھے ہیں اور میری ٹائم آگہی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں“۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز کے تیسرے روز دیگر سرگرمیوں کے علاہ تینوں دفاعی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مشترکہ مظاہرہ نشان پاکستان سی ویو کراچی پر کراچی شو کے نام سے پیش کیا گیا۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ کراچی شو کے دوران پاک بحریہ کے فضائی یونٹس ، پاک میرینز اور اسپیشل فورسز کی جانب سے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا زبردست مظاہرہ پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ تینوں افواج کا مشترکہ کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیمو ، فلائی پاسٹ، ٹرائی سروسز اسٹیٹک اینڈ فری فال پیرا جمپس، بیچ اسالٹ اور پاک میرینز کی رائفل ڈرل بھی مظاہرے کا حصہ تھے۔ کیپٹن عمران ،کمانڈر اسپیشل سروس گروپ نیوی نے ٹرائی سروسز فری فال جمپس کی قیادت کی اور حاضرین سے زبردست داد وصول کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کا یہ شو خطے میں امن کے فروغ کے لئے ہماری دفاعی افواج کی تیاری اور عزم کا بہترین اظہار ہے۔ تقریب میں ملکی اور غیر ملکی سول ملٹری معززین، جنگی ہیروز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔