Wednesday, April 24, 2024

آئین کے تحت تفویض فرائض سرانجام دیں گے، آرمی چیف

آئین کے تحت تفویض فرائض سرانجام دیں گے، آرمی چیف
November 4, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں جی ایچ کیو میں 226 ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، ڈی جی آئی ایس پی آ ر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں ملکی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب میں کہا، پاک فوج ریاست کا ادارہ ہے، قربانیوں کے ثمرات ضائع نہیں ہونے دیں گے،آئین کے تحت تفویض فرائض سرانجام دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید با جوہ نے کہا کہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے، پاکستان کی بہتر امن و استحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کے چیلنجز بشمول مشرقی سرحد اور ایل او سی سے نمٹنے کے لئے تیا ر ہے۔ اہم قومی معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔