Friday, April 26, 2024

آئی پی ایل میں ’’فکسنگ ‘‘ ویڈیو سامنے آگئی

آئی پی ایل میں ’’فکسنگ ‘‘ ویڈیو سامنے آگئی
April 2, 2019

نئی دہلی(ویب ڈیسک) بھارت میں کھیلی جانیوالی انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں روی چندرن ایشون کے جوز بٹلر کو نان سٹارائیک اینڈ پر باؤلنگ کرتے ’’مینکڈ‘‘ رن آؤٹ کرنے کے سکینڈ ل کے بعدلیگ ایک مرتبہ پھر الزامات کی زد میں آگئی ہے ۔

 حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس سے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائڈرز اور دہلی ڈیئر ڈیولز کے میچ کے دوران چوتھے اوور میں نیپالی لیگ سپنر سندیپ لامیچن کے گیند کرنے سے پہلے ہی وکٹ کیپر رشبھ پانٹ نے آواز لگائی کہ اس گیند پر تو چوکا ہی لگے گا جسے سٹمپ مائیک نے محفوظ کر لیا،اس گیند پر لامیچن نے روبن اتھاپا سے چوکا کھا لیا ۔

اس معاملے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی پی ایل کے بانی سربراہ اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر للت کمار مودی نے بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) اورانٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کو آڑھے ہاتھو ں لے لیا ۔

للت مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں آئی پی ایل میچز کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ میں اعلیٰ پیمانے پر میچ فکسنگ ہو رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو اس شرمناک عمل کا کوئی احساس ہی نہیں، آئی پی ایل میں گندے دھندے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کب جاگے گا؟۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے رشبھ پانٹ کو کلین چٹ دیدی ہے ۔

یاد رہے کہ چند روز قبل روی چندر ایشون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند گرائے بغیر جوس بٹلر کو مینکڈرن آؤٹ کردیا تھا۔

شین وارن، مائیکل وان اور مورگن نے ایشون کی اس حرکت کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کرکٹ کی روح اور اسپورٹس مین سپرٹ کے خلاف ہے ۔