Monday, September 16, 2024

آئی فون سیون کی لانچنگ... ایپل نے انڈر واٹر فوٹو گرافی کیلئے 80 پیٹنٹ دائر کر دیے

آئی فون سیون کی لانچنگ... ایپل نے انڈر واٹر فوٹو گرافی کیلئے 80 پیٹنٹ دائر کر دیے
August 16, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ان دنوں آئی فون سیون لانچ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ممکنہ طور پر ستمبر میں فون کے متعارف ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایپل کے ذرائع کے مطابق آئی فون سیون کے ساتھ ہی آئی فون سیون پلس اور آئی فون سیون پرو بھی مارکیٹ میں آ سکتے ہیں۔ مستقبل میں موبائل فون کیسی شکل و صورت اور کن کن خوبیوں سے آراستہ ہو سکتے ہیں اس کی کچھ جھلکیاں منظرعام پر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ اب تو پورے وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ مستقبل کے آئی فون واٹر پروف ہو سکتے ہیں۔ ایپل نے حال ہی میں ایک پیٹنٹ دائر کی ہے جس کے مطابق مستقبل کے آئی فون پانی کے اندر بہتر تصویر لینے کی صلاحیت سے مالامال ہوں گے۔ آئی فون سیون واٹرپروف کی خصوصیت سے آراستہ تو ہے ہی ساتھ ہی اس میں کلر بیلنسنگ سسٹم نصب ہے جس کی بدولت انڈر واٹر تصاویر بہتر طریقے سے اتاری جا سکیں گی۔ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ غیرضروری شبیہوں کو پانی کا رنگ تبدیل کیے بغیر ختم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ حیران کن اور چونکا دینے والی بات یہ بھی ہے کہ ایپل نے انڈر واٹر فوٹو گرافی ایڈیٹنگ ٹولز کے متعلق حقوق کیلئے 80 کے قریب پیٹنٹ دائر کر دیے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل کی آئندہ تمام ڈیوائسز میں چلنے والی ٹیکنالوجی واٹر پروف ہو گی۔ رپورٹس کے مطابق ایپل اپنی ڈیوائسز میں سے ہیڈ فون جیک کو ختم کر دے گا جس سے پانی کی آمد کے ایک ذریعے تو ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی۔ آئی فون سیون کی ایک خوبی جو اسے دیگر فونز سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے کہ سیون سیریز کے تمام فونز آئی او ایس ٹین پر چلیں گے۔ آئی فون سیون کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسل جبکہ فرنٹ کیمرہ پانچ میگاپکسل کے سینسرز سے لیس ہو گا۔ فور کے کوالٹی کی ویڈیو ریکارڈنگ ہو گی جو 720پی ۔ ایچ ڈی کی حامل ہوں گی۔ ٹیکنالوجی ماہرین پرامید ہیں کہ آئی فون سکس ایس میں نصب تھری ڈی ٹچ سکرین ٹیکنالوجی آئی فون سیون میں بھی موجود ہو گی۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت فون سکرین کا استعمال بے حد موثر اور آرام دہ ہو جاتا ہے۔ آئی فون سیون کی سکرین چار اعشاریہ سات انچ ہے۔ ریم 2 جی بی ہے۔ مذکورہ موبائل فون کی قیمت پانچ سو چالیس یورو ہے جو پاکستانی تقریباً 73 ہزار روپے بنتی ہے۔