Tuesday, April 23, 2024

آئی فون سیون آج مارکیٹ میں متعارف ہو گا‘ صارفین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز

آئی فون سیون آج مارکیٹ میں متعارف ہو گا‘ صارفین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز
September 7, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) آئی فون سیون کے ریلیز ہونے کی تاریخ آ گئی۔ صارفین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق آج سان فرانسسکو میں ایپل کی نئی مصنوعات کی سالانہ تقریب رونمائی ہو رہی ہے اور امید ہے اس تقریب میں آئی فون سیون متعارف کروایا جائے گا۔ ایپل کا نیا فون ایک ایسے وقت سامنے آ رہا ہے جب سام سنگ نے بیٹری مسائل پر اپنا نوٹ سیون مارکیٹ سے واپس منگوایا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا خیال ہے کہ آئی فون سیون میں کیمرے کا معیار بہتر ہوگا۔ اس کے علاوہ پہلے سے بہتر میموری، ہوم بٹن کی ٹچ سینسر سے تبدیلی اور بہتر سپیکرز کی شمولیت متوقع ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فون پانی میں محفوظ رہنے کے قابل ہوگا اور تیس منٹ تک ڈوبے رہنے کے باوجود کام کرتا رہے گا۔ ذرائع کے مطابق نیا آئی فون دو مختلف سائز میں پیش کیا جائے گا جنھیں آئی فون 7 اور آئی فون 7 پلس کے نام دیے جائیں گے۔ ایپل ذرائع کے مطابق آئی فون سیون کے ساتھ آئی فون سیون پلس اور آئی فون سیون پرو بھی مارکیٹ میں آ سکتے ہیں۔ ایپل نے گزشتہ دنوں ایک پیٹنٹ دائر کی تھی جس سے بظاہر لگتا ہے مستقبل کے آئی فون پانی کے اندر بہتر تصویر لینے کی صلاحیت سے مالامال ہوں گے۔ آئی فون سیون واٹرپروف کی خصوصیت سے آراستہ تو ہے ہی ساتھ ہی اس میں کلر بیلنسنگ سسٹم نصب ہے جس کی بدولت انڈر واٹر تصاویر بہتر طریقے سے اتاری جا سکیں گی۔ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ غیرضروری شبیہوں کو پانی کا رنگ تبدیل کیے بغیر ختم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ حیران کن اور چونکا دینے والی بات یہ بھی ہے کہ ایپل نے انڈر واٹر فوٹو گرافی ایڈیٹنگ ٹولز کے متعلق حقوق کیلئے 80 کے قریب پیٹنٹ دائر کر رکھے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل کی آئندہ تمام ڈیوائسز میں چلنے والی ٹیکنالوجی واٹر پروف ہو گی۔ رپورٹس کے مطابق ایپل اپنی ڈیوائسز میں سے ہیڈ فون جیک کو ختم کر دے گا جس سے پانی کی آمد کے ایک ذریعے سے ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی۔ آئی فون سیون کی ایک خوبی جو اسے دیگر فونز سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے کہ سیون سیریز کے تمام فونز آئی او ایس ٹین پر چلیں گے۔ آئی فون سیون کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسل جبکہ فرنٹ کیمرہ پانچ میگاپکسل کے سینسرز سے لیس ہو گا۔ فور کے کوالٹی کی ویڈیو ریکارڈنگ ہو گی جو 720پی۔ ایچ ڈی کی حامل ہوں گی۔ ٹیکنالوجی ماہرین پرامید ہیں کہ آئی فون سکس ایس میں نصب تھری ڈی ٹچ سکرین ٹیکنالوجی آئی فون سیون میں بھی موجود ہو گی۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت فون سکرین کا استعمال بے حد موثر اور آرام دہ ہو جاتا ہے۔ آئی فون سیون کی سکرین چار اعشاریہ سات انچ ہے۔ ریم 2 جی بی ہے۔ آئی فون سیون کی قیمت پانچ سو چالیس یورو رکھی جانے کی توقع ہے جو پاکستانی تقریباً 73 ہزار روپے بنتی ہے۔