Friday, March 29, 2024

آئی سی سی کا مصباح الحق کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ

آئی سی سی کا مصباح الحق کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ
September 9, 2016
لاہور(92نیوز)آئی سی سی نے پاکستان کو نمبرون ٹیسٹ ٹیم بنانے پر مصباح الحق کے اعزاز میں پاکستان میں تقریب منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا۔تقریب اکیس ستمبر کوقذافی اسٹیڈیم لاہورمیں ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ڈیو رچرڈسن مصباح الحق کوگرز دینگے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے آئی سی سی کی جانب سے عملی اقدام تو نہ کیا جا سکا تاہم ٹیسٹ کے میدان میں بادشاہت کا تاج اپنے سر سجانے پر آئی سی سی کو پاکستان آنا پڑ گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ رینکنگ میں ایک سو گیارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ ٹیم نمبر ایک بننے پر اس کے اعزاز میں تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گی جس میں چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن مصباح الحق کو اعزازی گرز دینگے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود قومی ٹیسٹ ٹیم نے انگلینڈ کو لارڈز اور اوول میں شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کی نمبر ایک ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔۔۔ تقریب میں آئی سی سی کے آفیشلز کے علاوہ کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اور پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی بھی اس میں شریک ہوں گے۔