Wednesday, April 24, 2024

  آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی درجہ بندی جاری کردی

   آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی درجہ بندی جاری کردی
June 21, 2015
دوبئی(92نیوز)آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی درجہ بندی جاری کر دی، سری لنکا سے فتح کے بعد سرفراز احمد، اسد شفیق، یاسر شاہ اور وہاب ریاض کیرئیر کی بہترین پوزیشن پر آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف گرین کیپس کی فتح جہاں پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا باعث بنی، وہاں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بھی خوشی کا باعث ثابت ہوئی۔ ٹاپ ٹین میں موجود یونس خان ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے چھٹی سے پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق بدستور اپنی نویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ آخری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے یاسر شاہ چھے درجے ترقی کرتے ہوئے کیرئیر کی بہترین چودہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ وہاب ریاض کی پوزیشن میں سب سے زیادہ ترقی ہوئی ہے اور وہ گیارہ زینے عبور کرتےہوئے باون سے اکتالیسویں درجے پر آ گئے ہیں۔ بلے بازوں میں اسد شفیق سات درجے ترقی کے ساتھ بارہویں اور سرفراز احمد پانچ درجے بہتری کے ساتھ سولہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ سپنر ذوالفقار بابر کی بھی تین درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ تینتیسویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کی پہلی جبکہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کی دوسری پوزیشن ہے۔ پاکستان کے ون ڈے کپتان اظہر علی کی ٹیسٹ رینکنگ میں چھ درجے تنزلی ہوئی ہے جبکہ باؤلرز میں جنید خان کی چار درجے تنزلی ہوئی ہیں دونوں کھلاڑی  انیسویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔