Saturday, April 27, 2024

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی
June 1, 2015
دوبئی (ویب ڈیسک)آئی سی سی نے ون ڈے فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ٹیموں میں پاکستان کی پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آیا جبکہ کھلاڑیوں میں اظہر علی اور  محمد حفیظ کی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔ ٹاپ ٹین بلے بازوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں شکست کے باوجود زمبابوے کے کھلاڑیوں کی بھی ترقی ہو گئی۔ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکان کو زندہ رکھنے کے لیے  پاکستان کا زمبابوے کے ہاتھوں شکست سے بچنا ضروری تھا۔ زمبابوے سے تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت کر پاکستان  اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ فتح کے نتیجے میں پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی پوزیشنز میں بھی بہتری آئی ہے۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی چوبیس درجے ترقی کرتے ہوئے چھپن ویں جبکہ محمد حفیظ دو درجے بہتری کے ساتھ بتیسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ نائب کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی تین درجے ترقی کرتے ہوئے چورانوے ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ حارث سہیل کی بھی سترہ درجے ترقی  ہوئی ہے اور وہ ستاون ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ رینکنگ میں بہتری کے باوجود کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔ بائولنگ میں وہاب ریاض تیرہ درجے ترقی کے ساتھ باون ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل سعید اجمل کی رینکنگ میں مزید دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں محمد حفیظ بدستور پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔