Thursday, April 25, 2024

آئی سی سی نے اعزازی گرز ٹیسٹ کرکٹ کے نئے بادشاہ کو تھما دیدیا

آئی سی سی نے اعزازی گرز ٹیسٹ کرکٹ کے نئے بادشاہ کو تھما دیدیا
September 21, 2016
لاہور (92نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعزازی گرز ٹیسٹ کرکٹ کے نئے بادشاہ پاکستان کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن اعزازی گرز دینے کیلئے خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے۔ انہوں نے ایک باوقار تقریب میں اعزازی گرز پاکستانی کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ڈیو رچرڈسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم بننا پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ نمبرون ٹیم بننے پر پاکستانی ٹیم‘ بورڈ اور مصباح کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہمیشہ پاکستان آکر اچھا لگتا ہے اور اس بار بھی بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ آئی سی سی چیف نے کہا مصباح الحق کی شاندار کپتانی کی بدولت پاکستان نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ کرکٹ میں پاکستان کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے۔ اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان کیلئے فخر کا موقع ہے۔ فتح کے اس سفر میں شامل وہ ہر کھلاڑی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ٹیم کو نمبرون بنانے میں جس جس نے بھی کردار ادا کیا وہ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان کی زندگی کے حسین ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ بورڈ‘ سلیکٹرز اور کھلاڑیوں کی محنت کے بدولت یہ مقام ملا۔ 2009ءسے بیرون ملک کھیل رہے ہیں‘ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے نمبرون اعزاز حاصل کیا۔ مصباح الحق نے مزید کہا ون ڈے کرکٹ بہت بدل چکی ہے۔ گراس روٹ لیول سے بہتری لانے تک ہم انٹرنیشنل کرکٹ میں مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ منزل کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘ ہر چیز خواہش کے مطابق نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کپتان کھلاڑیوں کی محنت اور جد وجہد کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔ نمبر ون پوزیشن پر آنا ہمارے لیے ایک چیلنج تھا جو پورا کیا۔ ٹیم کی حیثیت سے پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں لائیں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پر آنے کے لیے سخت محنت کی مگر نمبرون بننے کے بعد ہمارا اصل امتحان اب شروع ہو گا۔