Monday, September 16, 2024

آئی سی سی  : بگ تھری پلان بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا

آئی سی سی  : بگ تھری پلان بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا
February 4, 2016
دبئی(92نیوز)آئی سی سی کا بگ تھری بالآخرختم ہو گیا آئی سی سی کے بورڈ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جون دوہزار سولہ میں آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب دو سال کیلئے خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کےمطابق بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے گٹھ جوڑ سے دوہزار چودہ میں معرض وجود میں آنے والا بگ تھری بالآخر اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ دبئی میں ششانک منوہر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تمام بورڈ ممبران نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ بگ تھری کو ختم کر کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جا ئے گا۔ بگ تھری فارمولہ کے خاتمہ کے ساتھ ہی آئی سی سی کی فنانس اور ایگزیکٹو سمیت دیگر کمیٹیوں کے سربراہان مستقل طور پر بگ تھری نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین کے علاوہ کمیٹیوں کے نئے سربراہوں کا انتخاب بھی جون دوہزار سولہ میں ہی کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے بورڈ ممبرز کے اجلاس میں سری لنکا کرکٹ بورڈ کی معطل کی گئی حیثیت کو ختم کر کے بطور فل کونسل ممبر بحال کر دیا گیا ہے جبکہ امریکہ کرکٹ کونسل، کامن ویلتھ اور اولمپکس میں بھی کرکٹ کی شمولیت کے معاملے زیر بحث آئے۔ چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کے انتخابات کے لیے آئی سی سی کا اہم ترین اجلاس جون دوہزار سولہ میں برطانوی شہر ایڈنبرامیں ہو گا۔