Friday, April 26, 2024

آئی سی آئی جے نے پنڈورا پیپرز جاری کر دیئے

آئی سی آئی جے نے پنڈورا پیپرز جاری کر دیئے
October 3, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن ڈی سی (92 نیوز) پنڈورا باکس کھل گیا۔ آئی سی آئی جے نے پنڈورا پیپرز جاری کر دیئے۔

پاناما پیپرز کے بعد پنڈورا پیپرز نے بڑے نام بے نقاب کر دیئے۔ 700پاکستانیوں کے نام پر بھی آف شور کمپنیاں نکل آئیں۔ وفاقی وزراء، سابق فوجی افسران، کاروباری حضرات کے نام بھی موجود ہیں۔

وزیرخزانہ شوکت ترین اور خاندان کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔ فیصل و اوڈا کا نام بھی سامنے آ گیا۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار کے اہلخانہ کے نام پر بھی آف شور کمپنیز نکل آئیں۔ سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار اور شرجیل میمن کے نام بھی پنڈورا پیپرز میں موجود ہیں۔ صدر نیشنل بینک عارف عثمانی، ابراج گروپ کے عارف نقوی، ایگزیکٹ کے شعیب شیخ کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کے ملٹری سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفاعت اللہ شاہ کی آف شور کمپنی نکل آئی۔ شفاعت اللہ شاہ کی اہلیہ نے لندن میں آف شور کمپنی کے ذریعے اپارٹمنٹ خریدا۔ کرنل ریٹائرڈ راجہ نادر پرویز، ایئر مارشل ریٹائرڈ عباس خٹک کے بیٹوں عمر اور احد خٹک، ایوب خان دور کے ایک جنرل کے بچوں کی بھی آف شور کمپنی سامنے آگئی۔

پنڈورا پیپرز میں جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان کی بہن شہناز سجاد کا نام شامل ہے۔ میجر جنرل ریٹائرڈ نصرت نعیم کی افغان آئل اینڈ گیس کے نام سے آف شور کمپنی سامنے آگئی۔ جنرل ریٹائرڈ افضل مظفر کے بیٹے حسن مظفر کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔

آئی سی آئی جے نے پنڈورا پیپرز کی 2 سال تک تحقیقات کیں۔ 29ہزار کمپنی مالکان کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایک کروڑ 19 لاکھ فائلز کا دو سال تک جائزہ لیا گیا۔