Friday, May 3, 2024

آئی سکن !!! انسانی جلد کے ذریعے سمارٹ فونز کنٹرول کرنیوالی جدید ٹیکنالوجی

آئی سکن !!! انسانی جلد کے ذریعے سمارٹ فونز کنٹرول کرنیوالی جدید ٹیکنالوجی
November 28, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) سمارٹ فونز کو اب اپنی جلد پر لگے سلیکون پیچز سے کنٹرول کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سائنسدان مارٹن ویگل نے ایسے سنسرز ایجاد کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جنہیں جلد پر لگا کر موبائل فون کنٹرول کیا جاسکتا ہے اور اس ایجاد کو آئی سکن کا نام دیا گیا ہے۔ آئی سکن کے موجدین کا کہنا ہے کہ یہ پتلا اور لچکدار ڈیزائن جسم پر موبائل کمپیوٹنگ کے نئے امکانات پیدا کر سکتا ہے۔ امریکی سائنسدان مارٹن ویگل کا کہنا ہے کہ موجودہ الیکٹرونکس زیادہ تک جسم پر پہننے کیلئے غیرآرام دہ ہیں۔ انہیں غیرلچکدار اجزاءسے بنایا جاتا ہے اور انہیں محدود مقامات مثلاً کلائی‘ سر‘ کان یا بازو پر پہنا جا سکتا ہے۔ یہ دیکھنے میں بالکل ٹیٹو کے ڈیزائن کی طرح نظر آتے ہیں۔ یہ ٹیٹو نما ڈیزائن پہلے کمپیوٹر پر بنایا جاتا ہے پھر اس کی ساخت کو سلیکون اور موصل کاربن کو لیزر کے ذریعے کاٹا جاتا ہے۔ آئی سکن کو کسی سٹیکر کی طرح جسم پر لگایا جا سکتا ہے جسے بعد میں آسانی سے اتارا جاتا ہے۔ یہ پروٹو ٹائپ فی الوقت تاروں کے ذریعے کمپیوٹر سے جڑا ہوا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے مائیکرو کنٹرولر موجود ہیں جو اسے وائرلیس میں تبدیل کر سکتے ہیں۔