Friday, April 26, 2024

آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا حکم معطل کر دیا گیا

آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا حکم معطل کر دیا گیا
October 29, 2018 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا حکم معطل کر دیا گیا

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے بدھ تک جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا حکم معطل کر رہے ہیں۔ تبادلے کا حکم قانون کے مطابق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  سیکرٹری اسٹبلشمنٹ کا تبادلے میں کوئی کردار نہیں بنتا۔ جائزہ لیا جائے گا کہ تبادلہ بدنیتی پر مبنی تو نہیں۔ قبل ازیں عدالتی حکم پر سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کی ذمہ داری سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دی۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا آئی جی کی تبدیلی پر مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔

سیکرٹری اسٹبلیشمنٹ نے ائی جی کا تبادلہ کیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کو معلوم ہی نہیں آپ کے ائی جی کو نکال دیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد آپ کے ماتحت تھے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ سیاسی وجوہات پر آئی جی جیسے افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ریاستی اداروں کو اس طرح کمزور اور ذلیل نہیں ہونے دیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آئی جی کی تعیناتی سے تبادلے تک تمام تفصیلات دی جائیں۔

لاہور میں بھی پولیس افسر کو تبدیل کیا گیا۔ پنجاب حکومت سے بھی تفصیلات لیکر آگاہ کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ افسران کو اعتماد دینا چاہتے ہیں۔ حکومت کی من مرضی سے افسران کے تبادلے نہیں ہو سکتے۔ اے ڈی خواجہ کیس میں عدالت واضح احکامات دے چکی ہے۔