Thursday, April 25, 2024

آئی جی اسلام آبادکی تبدیلی کاکیس،سپریم کورٹ کاجے آئی ٹی بنانے کا عندیہ

آئی جی اسلام آبادکی تبدیلی کاکیس،سپریم کورٹ کاجے آئی ٹی بنانے کا عندیہ
October 31, 2018 ویب ڈیسک

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کی تبدیلی سے متعلق تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا عند یہ دے دیا

ڈی جی ایف آئی اے، متاثرہ خاندان اور پولیس حکام آئندہ سماعت پر طلب کر لئے گئے ۔ دوران سماعت  چیف جسٹس سینیٹر اعظم سواتی پر برہم ہوئے اور  کہا یہ ہے صادق اور امین، جنہوں نے لوگوں کا تحفظ کرنا ہے، یہ لوگوں کا حقہ پانی بند کر دیتے ہیں، عدالت نے فواد چودھری کے متنازعہ بیان پر وضاحت قبول کرلی۔ آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں عدالتی فیصلے پر وزیر اطلاعات فواد چودھری کو بیان دینا مہنگا پڑ گیا ،  فواد چودھری اور سینیٹر اعظم سواتی سپریم کورٹ کی طلبی پر عدالت حاضر ہوئے ۔ چیف جسٹس نے تبادلے پر حکومتی وضاحت کو  طوطا کہانی قرار دے دیا-

عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ  اعلیٰ ترین انتظامی عہدے کو بھی کوئی لامحدود اختیار نہیں ،خلاف قانون اقدامات پر سوال پوچھیں گے  ، وزیر کہتا ہے جو مرضی آئے گا کریں گے،  ہم دیکھتے ہیں کیسے کریں گے۔ دوران سماعت چیف جسٹس کا وفاقی وزیر اعظم سواتی سے بھی مکالمہ کیا اور کہا آپ تو لوگوں کے ڈنگر بھی نہیں چرنے دیتے ، اپ کے گھر میں گائے گھس گئی تو کون سی قیامت آگئی، عورتوں سمیت خاندان کو اندر کرا دیا،  کیا وہ آپ کی طاقت کے لوگ ہیں؟۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ ہیں صادق اور امین جنہوں نے لوگوں کا تحفظ کرنا ہے، آپ نے 40 کنال زمین کیسے لی، سامنے آنا چاہیے کہ آپ نے گھر کیسے بنایا،گزشتہ مرتبہ معافی اس لیے دی تھی تا کہ نظام چلتا رہے،بصورت دیگر یہ آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔ عدالت عظمیٰ متاثرہ خاندان کی درخواست دینے کی صورت میں اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جب کہ  آئی جی کے تبادلے کے محرکات جاننے کیلئے سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

اعظم سواتی کی جائیداد سے متعلق تحقیقات کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا ، متاثرہ خاندان کے افراد اور پولیس حکام کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ، کیس کی آئندہ سماعت سماعت جمعہ کو ہوگی۔