Saturday, April 20, 2024

آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس، تحقیقاتی ٹیم کی اعظم سواتی کیخلاف تحقیقات مکمل

آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس، تحقیقاتی ٹیم  کی اعظم سواتی کیخلاف تحقیقات مکمل
November 14, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وفاقی وزیر کے خلاف تحقیقات مکمل کرلیں ،  اعظم سواتی نے آئی جی تبادلے میں اثرانداز ہونے سے متعلق الزامات  کی تردید کردی ، کمیٹی آئندہ دو روز میں اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔ آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے میں حکمران جماعت کے اعظم سواتی کا کردار تھا یا نہیں،سپریم کورٹ کی ہدایت پر چھان بین کیلئے تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنا کام مکمل کرلیا ۔ جے آئی ٹی آئندہ دوروز میں اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروائے گی، بدھ کو وفاقی وزیر اعظم سواتی نے جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوکر اپنا بیان قلمبند کرایا ، اور سپریم کورٹ نے جمع کراوئے گئے اپنے بیان کی توثیق کی ۔ اعظم سواتی نے فارم ہاؤس سے ملحقہ سرکاری زمین پر قبضے سے بھی انکار کردیا  اور آئی جی کے تبادلے میں اثر انداز ہونے سے متعلق الزامات کی بھی تردید کی ۔ انٹیلی جنس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد رضوان، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر میر واعظ نیاز اور قومی احتساب بیورو کے ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی عرفان نعیم منگی پر مشتمل کمیٹی نے   وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی اور سیکرٹری داخلہ کے بیانات بھی قلمبند کئے ۔ْ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سابق  آئی جی کے علاوہ تفتیشی افسر اور کچی آبادی کے متاثرین سے بھی تحقیقات کرکے بیان لیے گئے ہیں۔