Monday, May 20, 2024

آئی بی کے مبینہ خط سے جان چھڑائیں، ایم این ایز کی وزیراعظم کے سامنے دہائی

آئی بی کے مبینہ خط سے جان چھڑائیں، ایم این ایز کی وزیراعظم کے سامنے دہائی
October 6, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ارکان پارلیمنٹ کے دہشت گردوں سے رابطوں سے متعلق مبینہ خط کے معاملے پر اہم میٹنگ ہوئی جس میں وزیر اعظم، اسپیکر، وزیر داخلہ، وزیر قانون، ڈی جی آئی بی اور ارکان نے شرکت کی۔
ن لیگ کے ایم این ایز نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ کسی بھی طرح ٓائی بی کے مبینہ خط سے جان چھڑائیں۔ اس موقع پر ڈی جی آئی بی کا کہنا تھا کہ خط کا آئی بی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جعلی فہرست کو میڈیا میں لانے والے کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ اس معاملے کی داخلی طورپر انکوائری بھی کی جا رہی ہے کہ آئی بی کے اندر سے یہ لسٹ بنی یا بنائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے افس سے ایسا کوئی خط جاری ہی نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کے سامنے مبینہ خط پر شدید احتجاج کیا ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ مبینہ خط کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور مخالفین اس خط کی بنیاد پر ان کے خلاف سازشیں کرسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن میں بھی درخواستیں دائر ہونگی، خط کی بنیاد پر انھیں جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے اور کل کہا جائیگا کہ وہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کی جانب سے الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ اور داخلہ کو خط لکھ کر وضاحت کی جائے اور حکومت الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ پر واضح کرے کہ خط جعلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کو آگے نہیں لے کر جانا چاہتے، اس خط سے ان کی جان چھڑائی جائے، وزیراعظم نے ڈی جی آئی بی کو ہدایت کی کہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،انھیں تحقیقات سے آگاہ کیا جائے۔