Sunday, May 19, 2024

آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے بانی اور وائس چانسلر نثار احمد صدیقی انتقال کر گئے

آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے بانی اور وائس چانسلر نثار احمد صدیقی انتقال کر گئے
June 22, 2020
سکھر ( 92 نیوز) آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے بانی اور وائس چانسلر نثار احمد صدیقی بھی آج خالق حقیقی جا ملے، نثار احمد صدیقی کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ سندھ ایک نامور ماہر تعلیم سے محروم ہوگیا، سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کراچی میں انتقال کرگئے، مرحوم کی تدفین خیرپور ضلع کے علاقے پریالوئی میں کی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کراچی میں علالت کے بعد انتقال کرگئے ،  77 سالہ مرحوم نثار صدیقی عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ہفتے سے  کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں 3 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑی ہیں، پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کی میت کراچی سے ان کے آبائی گاؤں پریالوئی ضلع خیرپور لانے کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ مرحوم سندھ کے چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور سکھر کے کمشنر سمیت دیگر اہم سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے ،  ڈاکٹر نثار احمد صدیقی سکھر الیکٹرک پاور کمپنی سیپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے چیئرمین بھی تھے ۔ مرحوم پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کے انتقال کے بعد سندھ ایک ماہر تعلیم سے محروم ہوگیا ،  مرحوم کی سندھ میں تعلیم کے فروغ کیلئےخدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔