Wednesday, May 15, 2024

آئی ایم ایف کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، شوکت ترین

آئی ایم ایف کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، شوکت ترین
November 26, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔

کراچی میں مشیرخزانہ شوکت ترین نے پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں گھنٹا بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں کا حصہ جی ڈی پی میں صرف تینتس فیصد ہے۔ کیپیٹل مارکیٹ کو بڑھانا بہت ضروری ہے۔ حکومت اس کو بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس وقت پاکستانی روپیہ دس روپے انڈر ویلیو ہے۔ شہری افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ روپے کی قدر میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ڈالر سے کما لیں گے، ڈالر کی قدر میں جب کمی آئے گی تو ان سٹے بازوں کو دھچکا لگے گا۔

شوکت ترین نے کہا کہ منی بجٹ میں کوئی ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہو گا۔ جو بجٹ میں چھوٹ دی گئی تھی اس کو ریویو کیا جارہا ہے۔

مشیرخزانہ نے بتایا کہ ورلڈ بینک کہتا ہے پاکستان میں  غربت میں ایک فیصد کمی آئی ہے۔ ہمارا مسئلہ افراط زر کا ہے۔ شہروں میں رہنے والے مڈل کلاس اس وقت پس رہا ہے تاہم اس وقت جو گروتھ ہورہی ہے اس سے مڈل کلاس کو فائدہ ہو گا۔