Saturday, April 20, 2024

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سامنے آ گئیں

آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سامنے آ گئیں
April 14, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سامنے آ گئیں، نیپرا اور اوگرا کے فیصلوں میں حکومتی مداخلت کا خاتمہ ، اسٹیٹ بینک ڈالر کی قدر کا تعین کرنے میں خود مختار ہو گی جب کہ  تنخواہ دار طبقے کی ٹیکس چھوٹ اور مختلف شعبوں میں سبسڈی ختم کی جائے ۔

پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کےلئے ایف اے ٹی ایف نے گولڈ کنٹرول اتھارٹی کے قیام کی شرط بھی  عائد کردی ۔

آئی ایم ایف نے پروگرام کے حصول کےلئے پاکستان پر کڑی شرائط عائد کردیں۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے نیپرا اور اوگرا کے فیصلوں میں حکومت مداخلت نہ کرے تاکہ  بجلی،گیس کے نقصانات  کم ، ریکوریاں مکمل ہو سکیں۔ ڈالر کی قدرمتعین کرنے میں اسٹیٹ بینک کو خود مختاری دینا ہوگی ۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہ دار طبقہ کی ٹیکس چھوٹ اور مختلف شعبوں میں سبسڈی ختم کی جائے ۔ چین سے قرض کی تفصیلات اور قرضوں کی ادائیگی کی فہرست دی جائے۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ  نقصان میں چلنے والے  سرکاری اداروں کی نجکاری اور اصلاحات  کا عمل تیز کیا جائے۔؎

آئی ایم ایف  مشن آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا اورپاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا۔

دوسری جانب پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے لےلئے ایف اے ٹی ایف نے گولڈ کنٹرول اتھارٹی کے قیام کی شرط  بھی عائد کردی۔

رولز کے تحت رولز کے تحت سونے کی تجارت کو رجسٹرڈ کرنا لازمی ہوگا ، ذرائع ایف بی آر کے مطابق  گولڈ کنٹرول اتھارٹی پاکستان کسٹم اور صوبائی ایکسائز محکموں کے روابط سے بنے گی۔

گولڈ کنٹرول اتھارٹی اپنے لیے ایف اے ٹی ایف کی گائیڈ لائنز کے تحت رولز بنائے گی۔