Thursday, May 2, 2024

آئی ایم ایف کی شرائط مکمل کرنا حکومت کیلئے عذاب بن گیا

آئی ایم ایف کی شرائط مکمل کرنا حکومت کیلئے عذاب بن گیا
December 22, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط مکمل کرنا حکومت کیلئے عذاب بن گیا۔ 360 ارب سے زائد کا منی بجٹ حکومت کیلئے چیلنج بن گیا۔

منی بجٹ لانے کے حوالے سے  پی ٹی آئی حکومت نئی مشکل میں پھنس گئی۔ منی بجٹ لانے یا نہ لانے پر حکومت تذبذب کا شکار ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر 360 ارب سے زائد کا منی بجٹ حکومت کیلئے چیلنج بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق  بلدیاتی الیکشنز کے موجودہ نتائج نے حکومت کو بھی پریشان کر دیا۔ پاکستان کا 12 جنوری سے قبل ایک بار پھر آئی ایم ایف سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانس بل کی جگہ آرڈیننس کے ذریعے ٹیکسز کے نفاذ پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ ماہ کے مزاکرات میں آرڈیننس کو مسترد کیا تھا۔ حکومت آرڈیننس کے ذریعے جی ایس ٹی استثناء واپس لینے کی تجویز دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت موجودہ بجٹ کے دورانیے میں منی بجٹ شامل نہیں کرنا چاہتی۔ آرڈیننس کی تجویز پر رضا مندی کی صورت میں اسے فنانس بل 2022 کا حصہ بنایا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جنوری 2022 کو ہوگا۔ پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض بحالی سے قبل عالمی ادارے کی شرائط پوری کرنا ہونگی۔