Friday, May 10, 2024

آئی ایم ایف کی تیسری قسط کے حصول کیلئے 4شرائط پر عملدرآمد شروع

آئی ایم ایف کی تیسری قسط کے حصول کیلئے 4شرائط پر عملدرآمد شروع
January 15, 2020
اسلام آباد  ( روزنامہ 92 نیوز) آئی ایم ایف کی تیسری قسط کے حصول کیلئے عوام پر مزید اربوں کا بوجھ ڈالنے کیلئے وفاقی حکومت نے تیاریاں مکمل کر لیں،بجلی اور گیس کے بلوں کی مد میں عوام سے وصولیوں کا منصوبہ تیار کر کے عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کی چار شرائط پر عملدرآمد شروع کردیا ،پہلی شرط کے مطابق حکومت 30 جنوری تک نجی پاور کمپنیوں کو مکمل پیداواری صلاحیت پر چلانے کے لیے پابند کرے گی۔ 155ارب روپے کے سالانہ کیپسیٹی چارجزکا 25 فیصد بجلی بلوں سے وصول کیا جائے گا اور بجلی بلوں کے ذریعہ 40 ارب روپے سے زائد وصول کیے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق گیس نرخوں میں بھی 214 فیصد اضافہ کرنا ہوگا ، دوسر ی شرط کے مطابق حکومت28 فروری تک اپنی آمدن ،اخراجات اور بچت پارلیمنٹ کو بنانے کی پابند کرے گی جبکہ پارلیمان کی سفارشات کی روشنی میں نئے مالی سال کا نظم ونسق بہتر بنایا جائے گا۔ تیسری شرط حکومت 31 مارچ تک سٹیٹ بینک کی خودمختاری کابل پارلیمان میں لانے کی پابند ہوگی جبکہ بل کے تحت خسارہ پورا کرنے کے لیے نئے نوٹ نہیں چھاپے جا سکیں گے اس کے ساتھ گورنر سٹیٹ بنک کی ملازمت کے تحفظ اور کام کرنے میں آزادی و خودمختاری ہو گی۔ چوتھی شرط کے مطابق حکومت ایف اے ٹی ایف کی شقوں پر عملدرآمد کے لیے ضروری اقدامات کی پابند ہوگی  ، ایف اے ٹی ایف کی شقوں کے ذریعہ بینک اپنے صارفین کے لین دین کی کڑی نگرانی کریں گے جبکہ ایف اے ٹی ایف پلان پر عمل کرانے والے اداروں پر بینک سکریسی قوانین لاگو نہیں ہوں گے یہ ادارے ہر مشکوک ٹرانزیکشنز کی معلومات حاصل کرسکیں گے حکومت کی جانب سے یہ چار شرائط پوری ہونے پر ہی تیسری قسط مل سکے گی۔