Sunday, May 5, 2024

آئی ایم ایف کی اہم شرائط پوری کر دیں‘ 51کروڑ ڈالر کا قرضہ جون میں ملے گا : وزیر خزانہ

آئی ایم ایف کی اہم شرائط پوری کر دیں‘ 51کروڑ ڈالر کا قرضہ جون میں ملے گا : وزیر خزانہ
May 12, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان گیارہویں جائزہ مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی اہم شرائط پوری کردی ہیں۔ جون کے اختتام تک پاکستان کو اکاون کروڑ ڈالر کی قسط مل جائےگی۔ تفصیلات کے مطابق گیارہویں جائزہ مذاکرات کے اختتام پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تین سالہ قرض پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کیا۔ رواں سال شرح نمو 4 اعشاریہ پانچ فیصد رہے گی اور اگلے مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی کا نمو 6 فیصد تک رکھا جائے گا۔ رواں مالی سال میں 21 سو ارب روپے کے ٹیکسز وصول کیے گئے ہیں۔ امید ہے ٹیکس اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ خسارہ کم کرنے کے اہداف حاصل کرلیے اس کیلئے اسٹیٹ بینک سے لیے گئے قرضے اہداف کے اندر ہیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرے۔ مالی ذمہ داری کے فریم ورک کو مضبوط اور توانائی سیکٹر میں اصلاحات کو جاری رکھا جائے جب کہ کاروباری ماحول میں مسابقت کو فروغ دینے والے اقدامات کو تیز کیا جائے۔ پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان بارہویں جائزہ مذاکرات اگست میں ہوں گے۔