Thursday, April 25, 2024

آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں، مشیر خزانہ حفیظ شیخ

آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں، مشیر خزانہ حفیظ شیخ
May 16, 2019
 کراچی (92 نیوز) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں۔ کپتان کی معاشی ٹیم کی مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی قیادت میں کراچی یاترا ہوئی۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، گورنر عمران اسماعیل اور وفاقی وزرا نے بھی صنعتکاروں اور کاروباری انجمنوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ معاشی صورتحال پر اسٹیک ہولڈرز کا اظہار عدم اطمینان سامنے آیا۔ وفاقی حکومت کے نمائندوں نے کالادھن سفید کرنے کی اسکیم پر تاجروں کو ترغیب دی اور آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط سے بھی آگاہ کیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے عوام کی چیخیں نکلنے کے سوال پر کہا کہ سیاسی باتوں کا جواب نہیں۔ بولے موجودہ حکومت کو اکتیس ہزار ارب روپے کے قرضوں کے ساتھ ملک ملا۔ معاشی حالات مشکل ضرور مگر حل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم نے کراچی کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو ایمنسٹی  اسکیم پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چار فیصد دیکر اثاثے ظاہر کیے جاسکتے اور کالا دھن سفید کیا جا سکتا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ ترجیحات میں سرکلر ڈیٹ کم کرنا ہے۔ وفاقی حکومت کی معاشی ٹیم کا دعوی ہے کہ معاشی صورتحال جلد بھتر ہو گی ۔ گورننس کو درست کرنے اور کرپشن روکنے اور فسکل بیلنس لانا ترجیحات ہے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کہتے ہیں معاشی بحران حکومت کو ورثے میں ملا۔ آئی ایم ایف کے علاوہ عالمی بینک ابھی دو سے تین ارب ڈالر آسان شرائط پر دے گا۔