Friday, May 3, 2024

آئی ایم ایف نے یونان کو ڈیفالٹر قرار دیدیا، یورو زون سے خارج ہونے کا خدشہ

آئی ایم ایف نے یونان کو ڈیفالٹر قرار دیدیا، یورو زون سے خارج ہونے کا خدشہ
July 1, 2015
ایتھنز (ویب ڈیسک) یونان آئی ایم ایف کو قرض کی ادائیگی کرنے میں ناکام ہو گیا۔ ہمسایہ یورپی ممالک نے بھی مشکل کی گھڑی میں یونان کو تنہا چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق یونان نے آئی ایم ایف کو قرض کی ڈیڑھ ارب یورو کی قسط اداکرنی تھی۔ واپسی کی معیاد بڑھانے کی درخواست آئی ایم ایف کے بورڈ نے مسترد کردی اور اسے نادہندہ قرار دے دیا۔ ہمسائیہ ممالک سے بھی کوئی مدد کیلئے آگے نہ آیا۔ یونان پہلا ترقی یافتہ ملک ہے جسے آئی ایم ایف نے ڈیفالٹر قرار دے دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب یونان کو بقایا جات کی ادائیگی کے بعد ہی نیا قرض جاری کیا جائے گا۔ نادہندہ ہونے کے بعد یونان کے یوروزون سے خارج ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے یونان کی بیل آﺅٹ پیکیج میں توسیع کی درخواست یوروزون نے بھی مسترد کردی تھی۔ نئے بیل آﺅٹ پیکیج پر بات چیت کےلئے یوروزون کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ہوگا۔ یوروزون نے نئے بیل آﺅٹ پیکیج کےلئے یونان سے سخت معاشی اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ یوروزون کی شرائط پر عوام کی رائے جاننے کےلئے پانچ جولائی کو یونان میں ریفرنڈم ہوگا۔ یونانی وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوروزون کی شرائط پر ”نہ“ میں ووٹ دیں۔ دوسری جانب حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اگر بیل آﺅٹ کی شرائط نہیں مانی گئیں تو ملک دیوالیہ ہوکر یورو زون سے خارج ہوجائے گا۔ بینکوں میں عوام کی رقوم اور تنخواہیں ڈوب جائیں گی۔ ایتھنز میں حکومت کے مخالفین نے ریلی بھی نکالی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔