Wednesday, April 24, 2024

آئی ایم ایف نے مہنگائی کے طوفان سے خبردار کر دیا

آئی ایم ایف نے مہنگائی کے طوفان سے خبردار کر دیا
July 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) آئی ایم ایف نے مہنگائی کے طوفان سے خبردار کر دیا۔ مہنگائی میں اضافہ کی شرح 13 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے میکرو اکنامک فریم ورک میں  ملک کی بگڑتی صورتحال کی نشاندہی کر دی گئی۔ میکرو اکنامک فریم ورک میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کے ایک نئے ریلے کی آمد ناگزیر ہے۔ طے ہونے والے پروگرام کے سبب مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو گا۔ مہنگائی میں اضافہ کی شرح 8.89 فیصد سے بڑھکر تین سال میں اوسط 13 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ میکرو اکنامک فریم ورک میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ قرض پروگرام کے تین سال مکمل ہونے کے بعد بھی مہنگائی میں ہر سال اضافہ 11.8فیصد  پر رہنے کا امکان ہے۔ پروگرام کے پہلے ہی مالی سال کے دوران معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 2.4 فیصد رہنے کا امکان  ہے۔ معاشی ترقی کی شرح کی مجموعی قومی پیداوار 2.4 فیصد رہے گی۔ میکرو اکنامک فریم ورک کے مطابق روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں ناکامی ہوگی۔ سرکاری شعبے میں حکومتی سرمایہ کاری 10.8 فیصد سے 12.1 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ فنانشل اکاؤنٹ بیلنس کم ہو کر 8.7 ارب ڈالر تک آ جائے گا۔ پاکستان کے ذمے واجب الادا بیرونی قرض برآمدات ویلیو سے 234 فیصد سے زائد رہیگا۔ ملکی و غیر ملکی قرض پر سود کی ادائیگی برآمدات کے مقابلے میں37.9 فیصد سے 45.7 فیصد ہو جائے گی۔ میکرو اکنامک فریم ورک میں مزید بتایا گیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 6.824 ارب روپے سے 11.187 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے ۔ حکومتی ضمانت پر لیا گیا قرض مجموعی قومی پیداوار کے 79.1 فیصد سے 80.5 فیصد تک پہنچ جائیگا۔ مجموعی قومی پیداوار 38.558 ارب روپے سے بڑھکر 44.446 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔