Friday, March 29, 2024

آئی ایم ایف سے قرض لیتے تو زیادہ بوجھ پڑتا، سعودی عرب سے بہت اچھا پیکج مل گیا،وزیراعظم

آئی ایم ایف سے قرض لیتے تو زیادہ بوجھ پڑتا، سعودی عرب سے بہت اچھا پیکج مل گیا،وزیراعظم
October 24, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز )وزیر اعظم عمران خان نے  کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لیتے تو زیادہ بوجھ پڑتا ، سعودی عرب سے بہت اچھا پیکج مل گیا ہے جس پر شکر گزار ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے پیکج کے بعد اب آئی ایم ایف کے قرض کا زیادہ بوجھ نہیں پڑے گا، امید ہے تنخواہ دار طبقے پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ  میں آنے والے دنوں میں اور خوشخبری سناؤں گا، کوشش ہے کہ جو دوست ممالک ہیں ان سے قرض لیں ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی حکومتوں کے قرضوں کی قسطیں واپس کرنی تھیں ،اگر دیوالیہ کرتے تو ملک کو بہت نقصان پہنچتا ۔ اس وقت ملک  1200ارب کا مقروض ہے ۔ وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سال میں ملک کو قرضوں میں ڈبویا گیا ، اب احتساب پر  ماضی کے حکمران  چیخ رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں این آر او کرنے والے اب پھر ایک این آر او کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں ، سب کان کے کھول سن لیں کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑوں گا، اپوزیشن کو سڑکوں پر آنا ہے  تو آجائے ، کسی کیساتھ این آر او نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کسی کیخلاف کوئی کیس نہیں بنایا ، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز ان کے ادوار میں ہی بنے ہیں ، ہم  ریلوے اور پی آئی اے کا آڈٹ کر رہےہیں ۔ ملک برے وقت سے گزرتا ہے ، مگر آپ بالکل مت گھبرائیں ، جب عوام کرپٹ حکمرانوں کو  برداشت کرتے ہیں تو اس کی قیمت غریبوں کو ادا کرنی پڑتی ہے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے اور پی آئی اے سمیت تمام اداروں کو پاؤں پر کھڑا کریں گے ، کینسر کے مریض کو بھی علاج کے دوران تکلیف ہوتی ہے مگر بعد میں وہ تندرست ہو جاتا ہے ۔ ہم بھی کرپشن کی کینسر کا علاج کر رہے ہیں  ،تھوڑی سی تکلیف کے بعد سب ٹھیک ہو جائے گا۔  ماضی میں رشوت مانگنے کے باعث بیرون ممالک کے سرمایہ دار پاکستان کی بجائے دوسرے ممالک میں چلے گئے ۔