Thursday, April 25, 2024

آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 26 نومبر کو ہو گی

آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 26 نومبر کو ہو گی
November 24, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 26 نومبر کو ہو گی۔ نو جماعتی کانفرنس کی میزبانی مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی 9 جماعتی کانفرنس میں حکومت مخالف تحریک کا آئندہ کے پلان پر مشاورت ہو گی۔ مولانا فضل الرحمن اپوزیشن رہنماؤں کو آزادی، پلان اے اور پلان بی پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت کے خاتمہ کے لئے ہونے والے خفیہ رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔ حکومت کی جڑیں کیسے کاٹ دی گئی ہیں، مولانا فضل الرحمن رہنماؤں کو آگاہ کریں گے۔ دوسری طرف فضل الرحمٰن نے اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے ٹیلی فون پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مولانا نے احسن اقبال کو بھی فون کیا۔ مولانا کا محمود خان اچکزئی اور پروفیسر ساجد میر سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔ مولانا نے دونوں رہنماؤں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ ادھر حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس پیر کو وزیر اعظم آفس میں طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں اپوزیشن کے مبینہ پروپیگنڈہ سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔