Thursday, April 25, 2024

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 5300 ارب روپے کا ہوگا،ذرائع

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 5300 ارب روپے کا ہوگا،ذرائع
April 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز )آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 5300 ارب روپے کا ہوگا، ذرائع   کے مطابق بجٹ کی حتمی منظوری پیر کو وفاقی کابینہ دیگی۔ حکومت نے سال 19-2018 کے  بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں ، ذرائع نے بتایا ہے کہ  آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ5300 ارب روپے کا ہوگا۔ وفاقی ترقیاتی بجٹ 800 ارب روپے کا ہوگا۔ 1600 ارب روپے قرضوں کی واپسی کیلئے رکھے جائیں گے جبکہ کل وفاقی ٹیکس محصولات کا تخمینہ 4500 ارب روپے لگایا گیا ہے ۔ فاٹا کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 90 ارب روپے مختص ہونگے۔ آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ کی تفصیلات  بھی سامنے آ گئیں، ذرائع کےمطابق دفاع کا بجٹ 1100 ارب روپے ہوگا۔ 100 ارب روپے مسلح افواج کے ترقیاتی منصوبوں کے لیئے مختص ہونگے۔ وزارت خزانہ رواں ہفتے دفاعی بجٹ کو حتمی شکل دے گی ، اس حوالے سے وزارت خزانہ اور وزارت دفاع کے مابین مشاورت جاری ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ پنشن کی مد میں 342.5 ارب روپے علاوہ ازیں ہیں۔ یہ رقم دفاعی بجٹ کی بجائے وفاقی بجٹ کا حصہ ہوگی۔ پنشن کی مد میں 270 ارب روپے فوجیوں  جبکہ72.5 ارب روپے دفاعی اداروں میں سویلینز کی پنشن کیلئے مختص ہونگے۔ رواں مالی سال کا دفاعی بجٹ 920 ارب روپے ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دفاعی بجٹ میں 78 ارب روپے کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال 18-2017کا نظرثانی شدہ دفاعی بجٹ 998 ارب روپے ہے۔