Saturday, April 20, 2024

آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، بلاول بھٹو کا دعوی

آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، بلاول بھٹو کا دعوی
July 11, 2019
 سکھر (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو مژدہ سناتے ہوئے کہا آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ سکھر میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی عوام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ پیپلز پارٹی کا غربت مکاؤ پروگرام پورے سندھ میں پھیل گیا ہے۔ آج بینظیر کا نام ہٹا کر احساس احساس کہا جارہا ہے ، یہ احساس کے نام پر مذاق ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جو لوگ کہتے ہیں کہ آپ نے نا میٹرو بنایا نہ سونامی لائے وہ دیکھ لیں پیپلزپارٹی لوگوں کو پیروں پر کھڑا کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے لوگوں کو کے پی کے سندھ اور ہرجگہ لوگوں کو پیروں پر کھڑا کیا ہے۔ بلاول بھٹو بولے انھوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنے کی پوری کوشش کی مگر آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا کہ یہ پروگرام ختم نہیں کرنے دینگے۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا پیپلز پارٹی نے جو پروگرام شروع کیا ان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ ہمارے کامیاب پروگراموں کو دیکھ کر باہر والوں نے فنڈنگ کی ہے۔ پاکستان اور سندھ کی خواتین کو دنیا مانتی ہے۔ اس حکومت میں کسی غریب پاکستانی کا احساس نہیں ہے، یہ لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بند کرنا چاہتے ہیں یہ پروگرام سے تو نام ختم کردیں گے مگر دلوں سے کیسے ختم کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا دیگر اپوزیشن جماعتوں نے غیرجمہوری اقدام کیا تو راستے الگ ہو جائیں گے۔ اپوزیشن پر واضح کر دیا پارلیمان کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا مڈٹرم الیکشن میں پھر سلیکشن ہوئی تو فائدہ نہیں ہو گا۔ چیئرمین سینیٹ اکثریت کھو چکے۔ امید ہے چیئرمین کیلئے شفاف الیکشن ہو گا۔