Saturday, April 20, 2024

آئندہ بجٹ میں مہنگائی بم گرانے کی تیاری مکمل، چار سو سے زائد اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ

آئندہ بجٹ میں مہنگائی بم گرانے کی تیاری مکمل، چار سو سے زائد اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ
May 31, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) آئندہ بجٹ میں عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔ چار سو سے زائد اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ امپورٹڈ اشیا کھانے پینے، کپڑے اور جوتے پہننے پر جیب ہلکی کرنی پڑے گی۔ ایف بی آر نے اگلے بجٹ میں پہلے سے ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید ٹیکس لگانے کی تجاویز تیار کر لی ہیں۔ اگلے بجٹ میں چار سو سے زائد اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درآمدی چکن، فروزن مچھلی اور گوشت ، کوکونٹس، کوکا پیسٹ، کوکا پاوڈر، اور پائن ایپلز پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح 10 سے بڑھا کر 11 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ بجٹ میں پائن ایپلز، ناشپاتی، چیریز، اسٹرابیریز اورآڑو پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح بڑھا دی جائے گی۔ کافی اور چائے بھی ایک فیصد مہنگی ہوجائے گی۔ کاٹن یارن، فیبرکس اور امپورٹڈ جوتوں پرکسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کردیا جائے گا۔ سونا تو غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا اب مصنوعی جیولری بھی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درآمدی سوٹ کیس، بیوٹی بکس، بریف کیس، ٹریویلنگ بیگز، پرس، ہینڈ بیگز، اور لیدر مصنوعات بھی مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کوکنگ رینجز، بچوں کی ویڈیو گیمزاور ایکسر سائز مشینوں کی قیمت بھی ایک فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ نئے بجٹ میں حکومت نے امپورٹڈ مصنوعی جیولری پر اضافی ٹیکسز لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے خواتین سے مصنوعی زیور پہننے کا حق بھی چھین لیا جائے گا۔