Friday, May 17, 2024

آئل کمپنیوں کی ہٹ دھرمی، سندھ میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا

آئل کمپنیوں کی ہٹ دھرمی، سندھ میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا
June 6, 2020
کراچی (92 نیوز) حکومت اور اوگرا آئل کمپنیوں کی ہٹ دھرمی ختم نہ کرا سکے، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پٹرول کی سپلائی معمول پر نہیں آسکی، جس کے باعث آج بھی شہر کے کئی پمپس بند پڑے ہیں اور جو کھلے ہیں وہاں رش دیکھا جا رہا ہے۔ آل مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ سندھ میں پٹرول بحران شدت اختیار کرگیا۔ شہری پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرنے لگے اور قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ حاصل نہ کرسکے۔ کراچی کے متعدد پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کے اسٹاکس ختم ہوگئے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پمپس مالکان کو ضرورت کے مطابق سپلائی نہ کرسکیں، اوگرا اور وزارت پٹرولیم کی ہدایات بھی نظرانداز کردی گئیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں پٹرول پمپس بند اور کہیں لمبی لائنیں لگ گئیں، شہری پٹرول کیلئے رُل گئے۔ پٹرولیم ڈیلرز نے قیمتوں میں مسلسل کمی کو قلت کی وجہ قرار دے دیا۔ کراچی میں پٹرول کی قلت کے باعث شارع فیصل پرشہری ایک دوسرے کی مدد کرتے بھی دکھائی دیئے۔ ایک موٹرسائیکل سوار دوسرے شہری کی بائیک کو پاؤں سے دھکا لگاتے ہوئے موٹرسائیکل چلاتا رہا۔