Wednesday, April 24, 2024

آئل ٹینکرز، کنٹریکٹرز کی آج سےغیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال

آئل ٹینکرز، کنٹریکٹرز کی آج سےغیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال
July 16, 2020
کراچی (92 نیوز) آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز اور اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے سامنے مطالبات کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ اور آج سے مُلک بھر میں تیل کی ترسیل روکنے اور ٹینکرز کھڑے کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی حکومت کو ایک اور امتحان سامنا ہے۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے آج سےغیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کرتے ہوئے مُلک بھر میں تیل کی ترسیل بند کرنے کا اعلان کردیا۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ہوائی جہازوں، پیٹرول پمپس سمیت کسی بھی شعبے کو تیل کی سپلائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس میں اضافہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا صورتحال میں انکم ٹیکس کو 3 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد پر برقرار رکھا جائے، جبکہ صوبائی سروس اور ٹول ٹیکسز بھی ختم کیے جائیں۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز کا کہنا ہے کمرشل لوڈنگ کو فوری بند اور پرانے طرز کی گاڑیوں سے متعلق پالیسی واضح کی جائے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ یکم نومبر 2019 سے کرایوں میں روکا گیا اضافہ بھی کیا جائے اور یکم جولائی سے لگائے گئے ٹول ٹیکس کو واپس لیا جائے، جبکہ وائٹ آئل پائپ لائن آنے کے بعد اس میں سرمایہ کاری سمیت کاروبار کی اجازت بھی دی جائے۔