Friday, March 29, 2024

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے حکومت سے مذاکرات کامیاب

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے حکومت سے مذاکرات کامیاب
July 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  حکومت اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن  کے مابین  مذاکرات  کامیاب  ہو گئے ،  وزیر توانائی عمر ایوب کہتے ہیں  8 نکاتی ایجنڈے کے  تمام پوائنٹس پر اتفاق ہے۔ کرایوں میں اضافے اور ٹیکسز میں کمی کے حوالے سے مذاکرات پیر کو ہوں گے  ہڑتال منسوخ کرنے پر ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں۔

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے معاملے پر   حکومت    اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے  مذاکرات   کامیاب  ہو گے۔مذاکرات کے بعد جاری کردہ  مشترکہ   اعلامیہ کے  مطابق  ایسوسی ایشن اور ایف بی آر کے نمائندے انکم ٹیکس میں اضافے کے حوالے سے معاملات کے حل کیلئے 20 جولائی کو ملاقات کریں گے۔

سروس سیلز ٹیکس کے تعین کیلئے سندھ ریونیو بورڈ دیگر صوبائی ریونیو اتھارٹی کے ساتھ 20 جولائی کو ملاقات کرے گا ، معاملات کے حل کیلئے ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی سندھ ریونیو بورڈ کے ساتھ 20 جولائی کو ملاقات کریں گے ، تمام دیگر صوبائی ریونیو اتھارٹی نے ایسوسی ایشن کی تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔

فریٹ پر نظر ثانی کیلئے ایسوسی ایشن کی ٹیم اوگرا کے ممبر گیس اور ممبر فنانس سے 20 جولائی کو ملاقات کرے گی۔

 مذاکرات  کے بعد جنرل سیکرٹری آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن  شعیب اشرف نے کہا کہ ہم نے ہڑتال ختم کر دی۔تیل  سپلائی کی بحالی فوری شروع ہو جائے گی۔

وزیر توانائی   عمر ایوب نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن سے مزاکرات کیے ،  ایسوسی ایشن کے کچھ مطالبات میٹنگ میں منظور کر لئے ہیں۔کرایوں میں اضافے اور ٹیکسز میں کمی کے حوالے سے مذاکرات پیر کو ہوں گے۔ان کا 8 نکاتی ایجنڈا تھا تمام پوائنٹس پر اتفاق ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہڑتال منسوخ کرنے پر ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں۔ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں ہو گی۔